پشاور، یکم فروری(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے جنوبی اضلاع کی سو فیصد آبادی کو صحت کارڈ پلس اسکیم کی توسیع کا باقاعدہ اجراءکردیا جس کے نتیجے میں صوبے کی پوری آبادی کو صحت کارڈ پلس اسکیم کی توسیع کا عمل مکمل ہو گیا۔ اس سے قبل توسیع کے پہلے تین مرحلوں میں صوبے کے دیگر اضلاع کی سو فیصد آبادی کو صحت کارڈ پلس سکیم کی توسیع کا عمل مکمل کر لیا گیا تھا۔ جنوبی اضلاع کی سو فیصد آباد کو صحت کارڈ پلس کے اجراءسے اب خیبرپختونخوا اپنی پوری آبادی کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا۔
پیر کے روز ضلع ڈی آئی خان اور ٹانک کے ایک روزہ دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے ڈی آئی خان اکنامک زون کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔ 189 ایکڑ رقبے پر محیط اس اکنامک زون میں سو سے زائد صنعتی یونٹس قائم ہوں گے، جن سے علاقے میں روزگار کے باالواسطہ اور بلاواسطہ 30 ہزار مواقع پیدا ہونگے، جبکہ ابتدائی طور پر اس اکنامک زون میں 1.5 ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
دریں اثناءوزیراعلیٰ نے جنوبی اضلاع میں سیاحت کو فروغ دینے کے سلسلے میں قدیم سیاحتی مقام شیخ بدین کی بحالی کے لئے وہاں تک رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا۔ شیخ بدین تک رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور ریزارٹ کی تعمیر سمیت بحالی کا یہ منصوبہ تین ارب روپے سے زائد کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ اس طرح وزیراعلیٰ نے ڈی آئی خان میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے ڈی آئی خان سپورٹس کمپلیکس کی اپگریڈیشن اور اسٹینڈر ڈائزیشن کے علاوہ خواتین کھلاڑیوں کے لئے کھیلوں کی انڈور سہولیات کی فراہمی کے منصوبے اور ہاکی گراو نڈ میں ٹرف بچھانے کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔
وزیراعلیٰ نے ضلع ٹانک کا دورہ کرکے وہاں پر صحت کارڈ پلس کے اجراءکے علاوہ ڈسٹرکٹ اپ لفٹ اینڈ بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ کا بھی افتتاح کیا۔ یہ منصوبہ 70 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ ڈی آئی خان میں صحت کارڈ پلس اسکیم کے اجراءاور ڈی آئی خان اکنامک زون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے صحت کارڈ پلس اسکیم کی صوبے کی پوری آبادی تک توسیع کا عمل مکمل ہونے پر پورے صوبے کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن اور سوچ کے مطابق شروع دن ہی سے صوبے کے غریب عوام کا سوچ رہی ہے، صحت کارڈ پلس اسکیم فلاحی ریاست کے قیام کی طرف ایک اہم اور صوبائی حکومت کا ایک غریب پرور اور بے مثال منصوبہ ہے، جسے صوبے کے تمام لوگوں کو قومی شناختی کارڈ کی بنیاد پر علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے خیبرپختونخوا اپنی پوری آبادی کو یہ سہولت فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا جس کا کریڈٹ موجودہ حکومت کے ساتھ صوبے کے عوام کو بھی جاتا ہے۔ صوبائی حکومت کے اس طرح کے اقدامات نے ثابت کردیا کہ 2018 کے عام انتخابات میں صوبے کے عوام کا فیصلہ درست تھا۔ ہم ان انتخابات میں عوام کے ساتھ کئے ہوئے اپنے تمام وعدے ایک ایک کرکے پورے کریں گے اور ہماری کارکردگی اور عوام دوست اقدامات کے نتیجے میں آنے والے انتخابات میں پورے ملک میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ پلس اسکیم کے تحت صوبے 65لاکھ خاندان سالانہ دس لاکھ روپے تک علاج معالجے کی مفت سہولیات حاصل کر سکیں گے ، صوبائی حکومت صحت کارڈ پلس اسکیم کو ایک جامع پیکج بنانے کے لئے اس میں کڈنی اور لیورٹرانسپلانٹ کے علاوہ علاج معالجے کی دیگر سہولیات کو بھی شامل کر رہی ہے۔
قبل ازیں ضلع ٹانک کا دورہ کرکے وہاں پر صحت کارڈ پلس کے اجراءکے علاوہ ڈسٹرکٹ اپ لفٹ اینڈ بیوٹی فیکیشن پراجیکٹ کا بھی افتتاح کیا یہ منصوبہ 70 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائےگا۔ اس موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ضلع میں دیگر ترقیاتی کاموں کے علاوہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے سلسلے میں ٹیوب ویلز لگانے کے لئے تیس کروڑ روپے کی فراہمی اور لوگوں کی سہولت کے لئے ٹانک میں ایک نئے تحصیل کے قیام کا اعلان کیا۔