راولپنڈی،5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نالائق اپوزیشن ،کم عقل لیڈروں ، ذہنی پستی کے حامل سیاستدانوں اور لیڈر شپ سے عاری پی ڈی ایم کی خام خیالی ہے کہ عمران خان کی حکومت رخصت ہونے والی ہے عمران خان کی حکومت نہ صرف اپنی موجودہ مدت پوری کرے گی بلکہ آئندہ5سال بھی عمران خان ہی حکومت کریں گے ہمیں ”یو ٹرن” کا طعنہ دینے والے خود” ابائوٹ ٹرن” کے عادی ہو چکے ہیں۔26مارچ کوپی ڈی ایم کے لانگ مارچ میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی جائے گی۔ تحریک لبیک بھی17فروری کو دانشمندی کا مظاہرہ کرے ان کا مشن میرا مشن ہے، میں بھی ناموس رسالت کا سپاہی ہوں آصف زرداری پی ڈی ایم کے گرو ہیں جنہوں نے پی ڈی ایم کی آڑ میں اپنی ضمانت بھی کنفرم کرالی اور اب اپنا کیس کراچی منتقل کروانے کے چکر میں ہیں ،لال حویلی اور لاک چوک کے باہمی رشتے کو نہ صرف مودی بہتر جانتا ہے بلکہ پورے ہندوستان کو اس رشتے کا بخوبی علم ہے ہم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں جہدوجہد آزادی کشمیر میں لال حویلی کے کردار کوکبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا قوم پاک فوج کے خلاف کوئی بات سننے کے لئے تیار نہیں انہوں نے واضح کیا کہ جو بھی پاک فوج کے خلاف بات کرے گا ہم اس کی زبان گدی سے کھینچ لیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی سہ پہر لال حویلی کے باہر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا بعد ازاں شیخ رشید کی قیادت میں راجہ بازار کے مختلف روٹس پر یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جب بھی وقت آیا لال حویلی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ملک و قوم کے دفاع کے لئے جان ہتھیلی پر رکھ کر میدان میں آئیں گے ہم کشمیریوں کو بھی یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ راولپنڈی غیرت مندوں کا شہر ہے اور کشمیر کی آزادی کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ قوم پاک فوج کے خلاف کوئی بات سننے کے لئے تیار نہیں انہوں نے واضح کیا کہ جو بھی پاک فوج کے خلاف بات کرے گا ہم اس کی زبان گدی سے کھینچ لیں گے ہماری عظیم فوج نے دہشت گردی کے خلاف ہزاروں لاکھوں جانوں کے نذرانے دے کر اس ملک کو دہشت گردی سے پاک کیا پوری قوم اپنی مسلح افواج پر فخر کرتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج عمران خان کی کوشش ہے کہ ملک کو مسائل سے نجات دلائی جائے ہم عمران خان کی قیادت میں ایسا معاشرہ چاہتے ہیں جہاں کے عوام خوشحال ہوں انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان کی حکومت رخصت ہونے والی ہے یہ محض نالائق اپوزیشن ،کم عقل لیڈروں اور ذہنی پستی کے حامل سیاستدانوں اور لیڈر شپ سے عاری پی ڈی ایم کی خام خیالی ہے ۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی حکومت نہ صرف اپنی موجودہ مدت پوری کرے گی بلکہ آئندہ5سال بھی عمران خان ہی حکومت کریں گے میں نے پہلے کہا تھا کہ اپوزیشن استعفے نہیں دے گی بلکہ یہ اب سینٹ کے الیکشن میں حصہ لینے کی تیاری کر رہے ہیں جس پارلیمنٹ پر فضل الرحمان نے لعنت بھیجی آج اسی پارلیمنٹ سے ووٹ مانگنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ”یو ٹرن” کا طعنہ دینے والے خود” ابائوٹ ٹرن” کے عادی ہو چکے ہیں اب پی ڈی ایم نے 26مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے لانگ مارچ اپوزیشن کا حق ہے میری کوشش ہے کہ پی ڈی ایم کے لانگ مارچ میں کوئی رکاوٹ نہ کھڑی کی جائے لیکن اگر کسی قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو وہ حشر کریں گے کہ تاریخ یاد رکھے گی اگر اپوزیشن قانون اور امن کے دائرے میں لانگ مارچ کرے گی انہیں راولپنڈی اسلام آباد پر سکون شہر کے طور پر ملیں گے لیکن اگر بدمعاشی کی کوشش کی تو جواب بدمعاشی سے ملے گا ۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم پورے ملک میں جلسے اور احتجا ج کر چکی ہے لیکن پنڈی نہیں آئی پی ڈی ایم پنڈی سے ڈرتی ہے اس لئے ادھر کا رخ نہیں کرتی حالانکہ پنڈی والوں نے چائے کی پیشکش بھی کی تھی جبکہ میں اپنی طرف سے اس میں دیسی گھی کے تڑکے کے ساتھ باداموں والے انڈے کا بھی اضافہ کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اسلام آباد میں لانگ مارچ کا شوق بھی پورا کر لے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے کلاشنکوف کے جھوٹے مقدمہ میں7سال جیل کاٹی لیکن نہ رویا اور نہ چیخیں ماریں کیونکہ لیڈر کبھی بھگوڑا نہیں ہوتاجیل لیڈر کی محبوبہ اور سسرال ہوتی ہے ہتھکڑی لیڈر کا زیور ہوتی ہے اور جیل میں سی کلاس لیڈر کی شان ہوتی ہے آج پورے ملک میں ن لیگ گھیرے میں ہے انہیں کبھی جیل راس نہیں آتی یہ جب بھی اپوزیشن میں ہوتے ہیں باہر بھاگ جاتے ہیں اگر مریم نواز کو بھی آج باہر جانے کی اجازت دے دی جائے تو پی ڈی ایم ختم ہو جائے گی انہوں نے کہا کہ میں نے مفتی محمود (مرحوم)،باچہ خان اور شورش کاشمیری کے ساتھ وقت گزارا لیکن اب مولانا فضل الرحمان بچوں کے گھیرے میں آگئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں آصف زرداری کی حیثیت ایک گرو کی ہے جنہوں نے پی ڈی ایم کی آڑ میں اپنی ضمانت بھی کنفرم کرالی اور اب اپنا کیس کراچی منتقل کروانے کے چکر میں ہے کراچی منتقل ہونے کے بعد اس کیس میں کوئی گواہ ہی پیش نہیں ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک سے توقع ہے کہ وہ دانشمندی کا مظاہرہ کریں گے ان کا مشن میرا مشن ہے میں ناموس رسالت کا سپاہی ہوں انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان اور ن لیگ نے بھی ختم نبوت کے خلاف ووٹ دیا تھا میں بھی کوئی منافق یا جھوٹا سیاستدان نہیں اس ملک میں 15ویں وزارت کا منصب سنبھالا ہے جس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی یہ راولپنڈی کا اعزاز ہے انہوں نے کہا کہ میں تسلیم کرتا ہوں کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے لیکن اس کی وجہ یہ ہے کہ ماضی میں چوروں نے اربوں روپے لوٹے اور باہر بھاگ گئے پانامہ لیکس والوں کو اب براڈ شیٹ پسند نہیں اگر میں وزیر نہ ہوتا تو براڈ شیٹ کیس کی پیروی کرتا انہوں نے ن لیگ کو دعوت دی کہ جسٹس عظمت شیخ جیسے عظیم جج کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کیس میں پیش ہوں انہوں نے سرکاری ملازمین کو یقین دلایا کہ میں ان کی تنخواہوں میں اضافے کا حامی ہوں جس کے لئے پرویز خٹک اور محمد علی سے مل کرجلد اس کا حل نکالیں گے جہاں ہمارے سیاستدان اربوں روپے لوٹ کر ملک سے فرار ہو گئے وہاں اگر چند ارب روپے سرکاری ملامین کو چلے گئے تو کوئی قیامت نہیں آئے گی۔