لاہور،2فروری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں پنجاب ترقی کے سفر میں سبقت لے گا، عوام کو وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر پورا اعتماد ہے، عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب نے منگل کو یہاں وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان،رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ امیر سلطان، اراکین پنجاب اسمبلی رانا شہباز احمداورمیاں محمد آصف سے ملاقات کے دوران کیا ۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل سنے اوران کے حل کیلئے موقع پر ہی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے پسماندہ شہروں کی ترقی پر پوری توجہ ہے۔ماضی میں وسائل کو من پسند شہروں پر خرچ کر کے دورافتادہ علاقوں کو نظر انداز کیاگیا جبکہ اب پنجاب کے نظر انداز علاقوں کی جانب وسائل کا رخ موڑا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی استعفیٰ پولیٹیکس بری طرح ناکام رہی ،اب ملک میں صرف ترقی اور عوامی منصوبوں کی سیاست چلے گی۔
سردار عثمان بزدار نے مزید کہا کہ اپوزیشن 2023تک صبر اور آرام کرے ،عوام کی حمایت سے تحریک انصاف کے مینڈیٹ کے خلاف ہر سازش ناکام بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی ترقی کے راستے میں اپوزیشن کے منفی حربے برداشت نہیں کیے جائیں گے،اپوزیشن کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں۔