محکمہ ریونیوکی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے نظام کو بہتر بنانا ہے: امجد شعیب خان ترین

59

مظفرگڑھ، یکم فروری (اےپی پی  ) :ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ محکمہ ریونیوکی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے نظام کو بہتر بنانا ہے، جس میں مسائل کو مستقل حل موجود ہو تاکہ بعد میں ایسے مسائل پیدا نہ ہوں یہ بات انہوں نے تحصیل کمپلیکس مظفرگڑھ میں محکمہ ریونیو سے متعلق عوامی مسائل کے حل کیلئے لگائی گئی کھلی کچہری میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریونیو افسران اپنے کام اور عوامی مسائل قانون و قواعد کی روشنی میں کریں تاکہ بعد میں کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جو ریونیو افسران اپنے فرائض سرانجام نہیں دے رہے ان کی جواب طلبی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سائلین کو سیدھا راستہ دکھائیں نہ کہ ان کو خوار کیا جائے، مظلوم کی داد رسی کی جائے اور خواتین کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کیے جائیں تاکہ ان کو دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ریونیو سے متعلق سائلین کے فرداً فرداً مسائل سنے اور ان کی فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رانا محمد شعیب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ زاہد، تحصیلدار صاحبزادہ ظفر مہاروی سمیت تحصیل مظفرگڑھ کے ریونیو افسران موجود تھے۔