مظفرگڑھ؛ممنوعہ اشیاء فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی،2فوڈ پوائنٹس سیل

67

مظفرگڑھ، 4 فروری(اے پی پی):  ممنوعہ اشیاء فروخت کرنے والوں کیخلاف  پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزیوں پر 2فوڈ پوائنٹس سیل کر دئیے جبکہ بھاری مقدار میں گٹکا اور ملاوٹی خوراک برآمد کر لیا ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ علی پور روڈ پر جیوے سپر خان شاپ کو گٹکا فروخت کرنے پر سیل کر دیا گیا، کارروائی کے دوران 5ہزار ساشے ون ٹو ون گٹکا ضبط کیا گیا۔

ایک اور کارروائی میں  سرخ مرچوں میں ڈائی کلر کی ملاوٹ کرنے پر قصبہ گجرات میں محمدی کریانہ سٹور کو سربمہر کیا گیا اور 60 کلو ملاوٹی سرخ مرچ پاؤڈر برآمد کیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ گٹکے کا استعمال منہ اور گلے کے کینسر کا باعث بنتا ہے، خوراک کی صورت میں زہر بیچنے والے معاشرے کے لیے ناسور ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ذمہ داری ہے۔