مظفرگڑھ، 17فروری(اے پی پی):گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرگڑھ میں 2روزہ 54ویں سپورٹس گالہ کا آغاز ہوگیا ہے، ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے سپورٹس گالہ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے ضروری ہے کہ تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدانوں کو بھی آباد کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مستقبل روشن ہے اور یہ طلباء و طالبات ہمارا مستقبل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کھیل بھی تعلیم کا حصہ ہے جو طلباء میں دیانتداری،عاجزی اور وقار پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب دیکھ کر میں اپنے بچپن میں چلا گیا ہوں اور طلباء کے ساتھ بھر پور تفریح کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی سکولوں کی سطح پر بھی کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا،اس علاوہ سکاؤٹس اور گرلز گائیڈ کے بھی کیمپس لگائے جائیں گے۔
قبل ازیں پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج پروفیسر رانا مسعود اختر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل کا میدان طلباء و طالبات میں ایک کھلاڑی کا جذبہ پیدا کرتا ہے اور ان کو عزت کرنے، عزت کرانے، دیانتداری، عاجزی کیساتھ جیتنے، وقار سے ہارنے اور ٹیم کیلئے کھیلنے کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف ثقافتی اکائیوں کا وفاق ہے ہم ہر ثقافت اور زبان کا احترام کرتے ہیں اور پاکستانی پرچم کے تلے متحد ہیں۔
سپورٹس گالہ کے پہلے روز 1500میٹر کی دوڑ،، تھالی پھینکنے، لانگ جمپ، 400میٹر دوڑ اور کبڈی کے مقابلے منعقد ہوئے۔ طلباء و طالبات نے کلچر شو پیش کیا جس میں طلباء و طالبات نے کشمیر،گلگت بلتستان، خیبر پختونخواہ، بلوچستان، سندھ، پنجاب اور سرائیکی علاقوں کے ملبوسات زیب تن کئے ہوئے تھے اورعلاقائی رقص پیش کئے۔جن کو حاضرین نے خوب سراہا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس جام آفتاب حسین اورپرنسپل رانا مسعود اختر نے بھی طلباء کے ساتھ جھومر ڈالا۔ طلباء نے مختلف کھیلوں کے مقابلے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔