ملتان؛ شہر اولیاء میں  انٹرنیشنل سپورٹس ایونٹ کی میزبانی کی تیاریاں شروع، آغاز15 فروری سے ہوگا

73

ملتان، 03 فروری(اے پی پی ):شہر اولیاء میں  انٹرنیشنل سپورٹس ایونٹ کی میزبانی کی تیاریاں شروع کردی گئیں ہیں،ملتان میں رواں مہینے بلوچستان انٹرنیشنل سکواش لیگ(بی آئی ایس ایل فور) اور جنوبی پنجاب سکواش لیگ کا میلہ سجے گا، سکواش لیگ میں ملکی اور بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی شرکت کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیرصدارت انٹرنیشنل سکواش لیگ کی تیاریوں بارے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس  میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سکواش کے انٹرنیشنل ایونٹ میں 24 غیر ملکی اور32 قومی کھلاڑی حصہ لیں گےغیر ملکی کھلاڑیوں  کی آمد کا سلسلہ 12 فروری کو شروع ہو جائے گا۔ انہوں   نے کہا انٹرنیشنل سکواش لیگ کے میچز کا آغاز15 فروری سے ہوگا اور کہاکہ سکواش لیگ کا فائنل19 فروری کو کھیلا جائے گا۔

عامر خٹک نے کہا کہ مقامی سطح پر بھی سکواش میں ٹیلنٹ کو سامنے آنے کا موقع دیا جائے گا ،جنوبی پنجاب سے سکواش  ٹیلنٹ کی تلاش کے لئے ٹرائل 9 اور10 فروری کو ہونگے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام مقابلے ڈی ایچ اے میں قائم سکواش کورٹ میں منعقد ہونگے۔انہوں  نے انٹرنیشنل سکواش ایونٹ کے موقع پر شہر کو دلہن کی طرح سجانے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے شہر کے تمام بڑے چوکوں کو پھولوں سے لادنے کا حکم دے دیا  اور کہا کہ  ائرپورٹ سے شہر آنیوالے راستوں پر خیر مقدمی پینا فلیکس لگائے جائیں اور قلعہ کہنہ قاسم باغ اور دمدمہ کو واش کیا جائے۔قلعہ کہنہ، قاسم باغ پر واقع سبزہ زار میں بلیو پاٹری اور ملتان کی دیگر ثقافتی اشیاء کے سٹال لگائے جائیں گے۔

 ڈپٹی کمشنر نے ایم ڈبلیو ایم سی کو اہم شاہراہوں اور مزارات کے اطراف میں صفائی کا ٹاسک دے دیا گیا ، بوسن روڈ پر تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لئے ہدایات بھی جاری کر دی گئیں ہیں، ٹریفک کو منظم رکھنے کے لئے ٹریفک پلان کی تیاری کے لئے ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سکواش لیگ کے دوران کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے گا،میچ کے دوران صرف  2سو شائقین کو مدعو کیا  جائے گا اور کہا کہ  ڈی ایچ اے میں کورونا ڈیسک بھی قائم کئے جائیں گے،ڈی ایچ اے انٹر نیشنل سکوائش لیگ میچز کو سپانسر کرے گا۔

اجلاس میں اے ڈی سیز محمد طیب خان، قمرالزمان قیصرانی اور اے سی عابدہ فرید نے شرکت کی میٹروپولیٹن کارپوریشن،تحصیل کونسل اور پی ایچ اے کے افسران کی بھی شریک ہوئے۔