ملتان، 18 فروری(اے پی پی):جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی غلہ منڈی میں ملاوٹ مافیا کے خلاف ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پرپنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ نے کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے، غلہ منڈی اور اس کے اطراف میں 5 علاقوں میں قائم فوڈ یونٹس پر چھاپے مارے گئے، جس دوران عمیر اینڈ دانش سپائسز گرائنڈنگ یونٹ کو سرخ مرچوں میں رنگ کی ملاوٹ پائے جانے پر سیل کر دیا گیا ہے اور 500 کلو خام مٹیریل، 450 کلو خام مرچیں اور 150 کلو ملاوٹی مٹیریل برآمد کر لیا گیا ہے۔ ایک فوڈ پوائنٹ کو جرمانہ جبکہ 2 کو وارننگ نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔
کارروائی اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید کی قیادت میں تشکیل دی گئی ٹیم نے کی اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز فوڈ اتھارٹی وقارالحسن بھی ہمراہ تھے پولیس کی بھاری نفری اور مارکیٹ کمیٹی کے عملے نے بھی کارروائی میں حصہ لیا۔
اے سی سٹی عابدہ فرید نے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کرنیوالے قومی مجرم ہیں، غیر معیاری اور زہر آلود اشیاء فروخت کرنیوالوں کو کسی صورت کاروبار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملاوٹ شدہ اشیاء فروخت کرنا انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے، ملاوٹ مافیا کے خاتمہ تک آپریشن جاری رہے گا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وقار الحسن نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں غلہ منڈی میں ملاوٹ مافیا کے خلاف50 چھاپے مارے گئے ہیں اور گزشتہ سال غلہ منڈی میں 450 ریڈ کئے گئے ہیں۔