ملتان، 04 فروری (اے پی پی )؛ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جنوبی پنجاب میں صحت دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 415 فوڈ یونٹس کی چیکنگ کے دوران غیر معیاری اور ملاوٹی خوراک کی فروخت پر 11 فوڈ یونٹس سیل جبکہ 339 شاپس مالکان کو بہتری نوٹسز جاری کیے۔
ملتان میں سلمان فوڈز کو پاپڑ کی تیاری میں مضر صحت اجزاء،کھار،چائنہ سالٹ اور کیمیکلز کا استعمال کرنے، ڈیری مصنوعات کی تیاری میں سٹارچ کی ملاوٹ کرنے، جعلی لیبلنگ کرنے اور غلط پتہ درج کرنے پر حارث فوڈز جبکہ ناقابل سراغ کھلے رنگ کے استعمال کرنے، صاف پانی کا استعمال نہ کرنے پر نوید ارشد سنیکس یونٹ کو سیل کردیاگیا۔
وہاڑی میں نیو عربی سویٹس اور اوکاڑہ میں ملک ندیم طارق سویٹس اینڈ ریواڑی کو مٹھائی کی تیاری میں ایکسپائرڈ اور کھلے رنگ کا استعمال اور صفائی کے ناقص انتظامات پر سربمہر کیا گیا۔
اوکاڑہ میں مجید قربان بیکری کو غیر قانونی ڈی سیلنگ کرنے پر سیل کیا۔اس کے علاوہ مظفرگڑھ میں جیوے سپر خان بلوچ گڈز شاپ کو گٹکا فروخت کرنے اور محمدی کریانہ سٹور کو سرخ مرچوں میں رنگ کی ملاوٹ ثابت ہونے پر سربمہر کیاگیا۔
راجن پور میں چندہ سویٹس اینڈ بیکرز کو کھویا کی تیاری میں سٹارچ کی ملاوٹ کرنے، رحیم یارخان میں المدینہ کریانہ سٹور کو کھلے مصالحے اور سرخ مرچیں فروخت کرنے اور بہاولنگر میں ایکسپائرڈ برگرز کی موجودگی اور رینسڈ آئل کے استعمال پر سیل کردیا گیا۔
ملتان میں لالہ اینڈ سنز ہول سیل ڈیلر کو سٹوریج ایریا میں جانوروں کی باقیات پر 30ہزار، ساہیوال میں نیو عثمان فوڈز کو باسی گوشت سٹور کرنے پر 15ہزار، خانیوال میں چوہدری ٹریڈرز ایکسپائرڈ بیوریجز فروخت کرنے پر 12ہزار، بہاولپور میں شاہین سویٹس اینڈ بیکرز کو مٹھائی میں مردہ مکھیاں پائے جانے پر 20ہزاراور ڈی جی خان میں وقار عظیم کریانہ سٹور کو ناقابل سراغ کھلے مصالحے فروخت کرنے پر 12ہزارروپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔