ملتان، یکم فروری(اے پی پی):ضلع ملتان میں ٹائفائیڈ سے بچاو کے لئے ٹیکے لگانے کی مہم کا آغازکر دیا گیا ہے ،ضلع کی 65 اربن یونین کونسلیں ، ملتان شہر کی61 اور شجاع آباد اور جلالپور پیروالا کی دو دو شہری یونین کونسلیں مہم میں شامل ہیں، مہم کے دوران9 ماہ سے15 سال کے بچوں کوٹائیفائیڈ کانجوگیٹ ویکسین کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔
ضلع ملتان میں10 لاکھ بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،مہم کو کامیاب بنانے کے لئے82فکس جبکہ561 آوٹ ریچ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
ٹائیفائیڈ کے خلاف مہم15 فروری تک جاری رہے گی، یہ مہم یونیسف اور ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے شروع کی گئی ہے، ٹائیفائیڈ کے خلاف مہم کے دوران5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے لئے شروع کی گئی مہم کے حوالے سے اپنا پیغام جاری کر دیا ہے، ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے اپنے پیغام میں کہا کہ وبائی امراض سے پاک پاکستان ہماری منزل ہے، بچے کسی بھی قوم کا روشن مستقبل ہوتے ہیں اور صحت مند بچے پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگوا کرذمہ داری نبھائیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹائیفائیڈ کے خلاف مہم کو خود مانیٹر کروں گا، تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے ایریاز میں مہم کی مانیٹرنگ کی ہدایت کر دی گئی ہے۔