ملتان، 03 فروری (اے پی پی ):چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ڈیپارٹمنٹ کے لئے مختص کردہ سرکاری اراضی پر عمارت کی تعمیر کا کام شروع ہوگیا ہے ،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سے کچھ عرصہ قبل چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ڈیپارٹمنٹ کی عمارت کی تعمیر کے لئے نادرن بائی پاس نیو جوڈیشل کمپلیکس کے قریب 30 کنال 7 مرلہ سرکاری اراضی کو مختص کیا گیا تھاجس کی حتمی منظوری کے لئے کیس بورڈ آف ریونیو لاہور بھجوایا گیا تھا، بورڈ آف ریونیو اور پی سی ون کی منظوری کے بعد اب عمارت کی تعمیر کا کام شروع ہو چکا ہے۔
عمارت میں 200 لاوارث بے آسرا بچوں کے لئے الگ الگ بوائز اور گرلز ہاسٹل تعمیر کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بچوں کے لئے سکول، کورٹ روم، ایڈمن بلاک اور دیگر تعمیرات ہونگی، اس حوالے سے ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر ملتان عرفان فرید نے سائٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا ۔
چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ملتان گزشتہ 12 سال سے زائد کرائے کی بلڈنگ میں قائم تھا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کمپلیکس کی تعمیر کے بعد لاوارث بے آسرا بچوں کو مزید بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں گی۔