اسلام آباد،1فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کی کامیابی کی داستان کو اجاگر کرنے کیلئے “برانڈ پاکستان” مہم شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جیومعاشی پوزیشن اور ثقافتی و سیاحتی صلاحیت کے ساتھ ساتھ کاروبار کرنے میں آسانی و سرمایہ کاری پالیسیوں کو دنیا بھر میں روشناس کرانے کیلئے متعلقہ وزارتوں کے مابین مربوط اطلاعاتی نظام تیار کیا جانا چاہیے۔
وہ پیر کو یہاں “برانڈ پاکستان ” کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے سمند پار پاکستانی سید ذوالفقار عباس بخاری، معاون خصوصی برائے نیشنل سیکورٹی معید یوسف، سیکرٹری اطلاعات و نشریات، وزارت تجارت اور سرمایہ کاری بورڈ کے سینئر حکام نے بھی نے شرکت کی۔
اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ ملک کی کامیابی کی داستان اجاگر کرنے کیلئے “برانڈ پاکستان” مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کی جیومعاشی پوزیشن ، ثقافتی اور سیاحتی صلاحیت اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔صدر عارف علو ی نے کہا کہ کاروبار کرنے میں آسانی اور سرمایہ کاری کی پالیسیاں اجاگر کرنے سے ملک کےتاثرمیں بہتری آسکتی ہے، پاکستان کا مثبت تاثراجاگر کرنے کیلئے متعلقہ وزارتوں کے مابین مربوط اطلاعاتی نظام تیار کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے کورونا پر قابو پانے کے علاوہ “احساس پروگرام” کے تحت لوگوں کو معاشی ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی، پاکستان نے کورونا کے باوجود اسٹاک ایکسچینج کی نمایاں کارکردگی جیسی قابل ذکر معاشرتی اور معاشی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ملکی ساکھ اور سرمایہ کاری راغب کرنے کیلئے میڈیا پر کامیابیوں کی نمایاں تشہیرضروری ہے۔