ڈسکہ، 17 فروری (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنے پاسپورٹ کی معیاد ختم کرکے پاکستان سے اپنا آخری رشتہ بھی توڑ دیا ہے اور اپنی بیرون ملک دولت کے انبار کو پاکستان پر ترجیح دی ہے لیکن آئین اور قانون کے تحت انہیں پاکستان واپس لایا جائے گا اور انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ بات انہوں نے ڈسکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کے پاکستان کی تاریخ میں یہ تبدیلی دیکھنے میں رہی ہے کہ ضمنی انتخابات میں مخالفین کو کھلا میدان دیاگیا۔جو تماشا سندھ میں ہوا، جمہوریت کے چیمپئن نے حلیم عادل شیخ کے ساتھ جو انتقامی کارروائی کی،اس نے مخالفین کو بے نقاب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے معزز رکن کو اس لئے ہتھکڑی لگائی گئی کہ اس نے سیٹنگ حکومت کی کارستانیوں کو بے نقاب کیا ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ پنجاب میں شاہی خاندان کے درباری غلامی کا طوق پانے والے جانشینوں اپوزیشن نے نوٹوں کی بوریاں کھول رکھی ہیں جنہیں قبضہ مافیا اور منشیات فروشوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جعلی راجکماری اور ظل سبحانی کے حواری اداروں کو متنازعہ بنا رہے ہے،پنجاب حکومت نے اپوزیشن کو کھلا میدان دیکر جمہوریت کی آبیاری کی ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ الیکشن کی آڑ میں نوٹوں سے لوگوں کے ضمیر کا سودا کیا جاتا رہا،این اے 75کے الیکشن کو جعلی راجکماری نے جنگ سے تشبیح دی۔انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن نہیں،مافیا کے خلاف جہاد کررہے ہیں۔
معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حق اور سچ کی فتح ہوگی، ہم ڈسکہ میں پسے ہوئے طبقات کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اداروں کو ان کے قدموں پر کھڑا کرینگے،این اے 75میں فری اینڈ فیئر الیکشن ہوگاجو تماشا سندھ میں ہوا، جمہوریت کا چمپئن ہونے کا دعوی کرنے والوں نے حلیم عادل شیخ کے ساتھ انتقامی کارروائی کی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں بھرپور اکثریت سے پی ٹی آئی کامیاب ہوگی اور مفاد پرست ٹولہ کو شکست فاش ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ق لیگ ہماری اتحادی ہے اور بھرپور سپورٹ کر رہی ہے، چوہدری پرویز الٰہی اور شجاعت حسین کی قیادت میں الیکشن جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلام آباد میں فوٹو شوٹ کیلئے جعلی راجکماری جاپہنچی،جعلی راجکماری اس دکھ میں مبتلاہے کہ ان کے بھائی، والد تمام اہل خانہ لاپتہ ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نوازشریف پاکستان نہیں آنا چاہتے، راجکماری بھی باہر جانے کیلئے بے چین ہے، پاکستان میں جدید میڈیکل سہولیات موجود ہیں، یہ بھی فرار ہونے کے ڈرامے کی قسط ہے جسے فلاپ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ ہر محب وطن پاکستانی کی شناخت ہے لیکن جن کا تعلق مودی سے ہو انہیں پاسپورٹ سے فرق نہیں پڑتا۔