نیول چیف کا پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ

59

کراچی ۔22فروری  (اے پی پی):چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ہیڈ کوارٹرزکا دورہ کیا۔ پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان کی آمد پر ڈائریکٹر جنرل پی ایم ایس اے ، ریئر ایڈمرل محمد شعیب نے نیول چیف کا استقبال کیا۔ میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے چاق و چوبند دستے نے نیول چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا ۔بعد ازاں، چیف آف دی نیول اسٹاف کو پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی ذمہ داریوں اور آپریشنل امور پر بریفنگ دی گئی۔نیول چیف نے میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سنٹر (ایم آر سی سی ) کا دورہ بھی کیاجہاں انہیں پاکستان کے سمندری علاقے میں قانون کے نفاذ کے لیے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے افسران اور عملے سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بحری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کے انسداد کے لئے پی ایم ایس اے کے عزم اور کاوشوں کو سراہا۔نیول چیف نے کہا کہ سمندری قانون کے نفاذ کا واحد ادارہ ہونے کے ناطے ، پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی قومی بحری مفادات کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔امیر البحر نے زور دیا کہ پی ایم ایس اے کو بلیو اکانومی کی ترقی سے متعلق حکومتی اقدامات میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ نیول چیف نے ماہی گیروں کو سہولیات فراہم کرنے اور سمندر میں ان کے تحفظ کو یقینی بنانے میں ایجنسی کی کوششوں کو سراہا۔نیول چیف نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی آپریشنل صلاحیتوں اورپیشہ ورانہ قابلیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ پاک بحریہ پی ایم ایس اے کو ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی ۔