لاہور،2فروری(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت لائیو سٹاک سیکٹر کی پائیدار ترقی کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں انہوں نے چھوٹے لائیوسٹاک بریڈرز کیلئے جدید تربیت کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے لائیوسٹاک فارمز کیلئے ہیلپ لائن 9211کو فعال کرنے کی ہدایت بھی دی اور کہا کہ صوبے کے لائیوسٹاک کا مستند ڈیٹا اکٹھا کیا جائے ۔
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کی پہلی لائیوسٹاک پالیسی تیار کرلی گئی ہے ۔لائیوسٹاک پالیسی منظوری کیلئے جلد کابینہ میں پیش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پالیسی سے صوبے میں لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیکٹر کی پائیدار ترقی ممکن ہوگی،بہترین پلاننگ کے لئے درست اعداد و شمار کا ہونا ضروری ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ویٹرنری کلینکس کو چیک کرنے کیلئے پنجاب ویٹرنری ہیلتھ کیئر کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ نے ویٹرنری کمیشن کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے،ویٹرنری ڈاکٹروں کیلئے بھی ہاؤس جاب شروع کی جائے گی۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ 9ویٹرنری ہسپتالوں کو اپ گریڈ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ، میانوالی،اٹک، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد،ملتان، راجن پور اوررحیم یار خان کے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان ہسپتالوں میں ویٹرنری ڈاکٹروں کو ہاؤس جاب کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ڈیرہ غازی خان میں ماڈل ڈیری فارم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک غیر فعال اداروں کے حوالے سے جامع حکمت عملی اپنائے اوراخراجات کم کر کے وسائل جدید تربیت کی فراہمی پر صرف کرئے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں لائیوسٹاک فارمرز کو جدید سائنٹیفک طریقہ کار سے روشناس کرایا جائے گا۔ دودھ اورگوشت کی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید تربیت کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ دودھ او ر گوشت والے مویشیوں کی نسل کو فروغ دیا جائے ،پنجاب میں دودھ اور گوشت کی پیداوارمیں اضافے کابے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ لائیوسٹاک شعبے کی پائیدار ترقی سے معیشت مستحکم ہوگی۔