وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چلی کے کوہ پیما ہوان پابلو موہر کے اہلخانہ کی ملاقات

150

اسلام آباد۔19فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر  برائے خارجہ  امور مخدوم شاہ محمود قریشی سے پاکستانی کوہ پیما علی سد پارہ کے ہمراہ کے ٹو سر کرنے کی مہم میں انتقال کر جانے والے چلی کے کوہ پیما ہوان پابلو موہر کے اہل خانہ نے  جمعہ کووزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ  ہمیں علی سدپارہ کے ساتھ ساتھ، چلی کے کوہ پیما ہوان پابلو موہر اور آئس لینڈ کے جون سناری کے انتقال پر بہت دکھ اور افسوس ہے ۔وزیر خارجہ نے تینوں کوہ پیماؤں کو زبردست خراج  عقیدت پیش کرتے ہوئے  کہا کہ ان کوہ پیماؤں نے اپنی ہمت جوانمردی اور حوصلے کی جو داستان رقم کی ہے وہ تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائے گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موسم کی شدت اور  نامسد موسمی حالات کے باوجود حکومت پاکستان اور پاک فوج نے ان کوہ پیماؤں کو ریسکو کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی مگر بدقسمتی سے ہماری کاوشیں بارآور ثابت نہ ہو سکیں۔ وزیر خارجہ نے چلی کے ہوان پابلو اور آئس لینڈ کے جان سنوری کے اہل خانہ اور شہریوں سے بھی اظہارِ تعزیت کیا۔