اسلام آباد ، یکم فروری (اے پی پی ): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس ویکسین کی پہلی کھیپ موصول ہونے پر چین کا شکریہ ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم چین کے ساتھ مشترکہ طور پر ایک ویکسین پر کام کر رہے ہیں جس کے ابتدائی نتائج کافی حوصلہ افزا ہیں ،اگر ہماری یہ کاوش کامیابی سے ہمکنار ہوئی تو یہ پاکستان کی عوام کیلئے ایک بہت بڑی خبر ہو گی۔
پیر کو یہاں نور خان ائیر بیس پر ویکسین حوالگی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چینی عوام نے جس طرح اس کرونا وبائی چیلنج کا مقابلہ کیا اور وبا کے پھیلاؤ کو کامیابی سے روکا وہ فقیدالمثال ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں فروری کے آخر تک 1.1 ملین ڈوزز درکار ہوں گی جس کیلئے ہم چینی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں ، ہمیں توقع ہے کہ انشاء اللہ ہمیں اگلی کھیپ بھی جلد دستیاب ہو جائے گی ۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ہم اس ویکسین کو سب سے پہلے کرونا وبا کے خلاف برسر پیکار فرنٹ لائن ورکرز، پیرامیڈکل اسٹاف کو محفوظ بنانے میں بروئے کار لائیں گے اور اس کے بعد سب سے زیادہ غیر محفوظ طبقوں کی حفاظت کیلئےاسے استعمال میں لائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ میں اپنی، وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی قوم کی طرف سے چینی قیادت اور چین کے عوام کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ہماری دوستی، تمام موسموں کی پرکھی ہوئی لازوال دوستی ہے ، ہم ایک دوسرے کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے دکھائی دیئے اور یہ وقت یقیناً نہ صرف چین اور پاکستان کیلئے بلکہ پوری دنیا کیلئے ایک مشکل گھڑی ہے ۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ہمارے مشترکہ ویژن کا آئینہ دار ہے جو پورے خطے کیلئے تعمیر و ترقی کا موجب ہو گا ،یہ سال ہمارے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کو سات دہائیاں مکمل ہونے کو ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم چینی سفارت خانے کے ساتھ مل کر سات دہائیوں پر محیط اس لازوال دوستی کو یادگار بنانے کے لیے متعدد پروگرامز ترتیب دے رہے ہیں جو ہمارے مشترکہ وژن کا عملی مظہر ہو گا۔