وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  کی قاہرہ میں مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات،دو طرفہ تعلقات ، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ ،خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت  باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

134

اسلام آباد۔17فروری  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو قاہرہ میں مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات کی ،مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے وزیر خارجہ کو مصر آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ، پاکستان اور مصر کے مابین مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ ،خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت  باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے مصری صدر کے ساتھ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا  اور کہا کہ پاکستان  مصر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے مابین یکساں مذہبی، تہذیبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔وزیر خارجہ نے مصری صدر کو دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے میسر مواقع سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ   پاکستان  علاقائی و عالمی سطح پر قیام امن کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے ۔پاکستان  اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کی بجائے جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔وزیر خارجہ نے مصری صدر کی توجہ بھارت سرکار کی ہندوتوا پالیسیوں کے باعث  خطے کے امن و استحکام کو درپیش خطرات کی طرف دلائی اور کہا کہ بھارت  مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کے یک طرفہ اور غیر آئینی اقدامات کے بعد انسانی حقوق  کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ تواتر سے جاری رکھے ہوئے ہے۔بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بدترین مظالم، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور چوتھے جنیوا کنونشن کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔وزیر خارجہ نے  مصری صدر کو افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار اور افغانستان میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں  اب تک سامنے آنے والی پیش رفت سے  آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے مصر اور قطر کے مابین سفارتی روابط کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے  دونوں ممالک کی جانب سے مثبت رویے کی تعریف کی ۔وزیر خارجہ نے مصری صدر کو قاہرہ میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ ہونیوالی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے اسے پاکستان اور مصر کے مابین دو طرفہ تجارتی تعاون  کے فروغ کیلئے اہم قرار دیا۔مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے وزیر خارجہ کو مصر آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔