ہری پور، 04 فروری( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے ہاوسنگ و تعمیرات طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ مہنگائی غریب و متوسط طبقہ کے لئے زہر قاتل ہے، جسکا حکومت کو احساس ہے۔وفاقی حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک آئی تو پھر صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمت عملی طے کرینگے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل غازی میں پیر حمید آف عمر خانہ کی خصوصی درخواست پر موہیٹ دررہ روڈ کے سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا ہے۔ اس موقع پر ڈی کمشنر ہری پور کپیٹن(ر) ندیم ناصر، ڈی جی نیب ظاہر شاہ، اے سی غازی شوجین وسٹڑو ، پی ڈی ڈی کے افسران بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات طارق بشیر چیمہ نے 5 کلو میٹر دررہ موہیٹ روڈ جس پر 8 کروڑ مختص کئے ہیں۔ پی ڈبلیو ڈی کے افسران نے روڈ کی تعمیر کے حوالے سے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ جب اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد آئی گی یا لانگ مارچ کرے گی تو صورت حال کے مطابق حکمت عملی طے کی جائے گی،ہمارے حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں ۔
طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ہماری بھی ایک پارٹی اور منشور ہے،جب بھی ہمیں کوئی تحفظات ہوتے ہیں ہم وزیراعظم عمر ان خان کو اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے ہیں، ہم حکومت کا حصہ ہیں اور حکومت ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سینٹ کے ووٹ کی خرید و فروخت کے باعث وزیراعظم عمر ان خان کی خواہش ہے کہ اوپن بیلٹ سے سینٹ کے الیکشن ہوں، ترامیم کے لئے دو تہائی کی اکثریت کی ضرورت ہے جب تک تمام پارٹیاں متفق نہیں ہونگی اس وقت تک ترامیم نہیں ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ و دھرنےعوامی سپورٹ کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے افسران کو ہدایت کی کہ روڈ کی تعمیر میں اعلی کوالٹی کے معیار کو برقرار رکھنا جائے اور جلد سے جلد اسکی تعمیر کو مکمل کیا جائے۔