اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ پالیسیوں کا بنیادی مقصد پاکستان کے ہر شہری کو سستی بجلی کی فراہمی ،کم قیمت پیداوار، سبسڈی اور نقصان کو کم کرنا ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس جمعرات کو یہاں اسلام آباد میں منعقد ہوا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈی سنٹرئلائزیشن کے عمل کو بطور رہنما اصول کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ آ ئند ہ کچھ ہفتوں میں پالیسی کو آ گے بڑھانے اور حتمی شکل دینے کے لیے تجاویز پیش کریں۔انہوں نے وزارت منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات کی جانب سے پاور ڈویژن کو تعاون کا یقین دلایا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ مجوزہ پالیسی کا مقصد بجلی کے خود مختار پائیدار شعبے کے ذریعے بجلی کی رسائی ہے تاکہ صارفین کے لئے ماحول دوست طریقہ کار اختیار کیا جاسکے۔سیکرٹری پاور ڈویژن نے کمیٹی کو پالیسی کے نمایاں خصو صیات کے بارے میں بتایا جس میں اس کے بنیادی مقاصد اور مجوزہ کارروائیوں کی تفصیلات شامل ہیں۔ اجلاس میں صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کے مشاہدات اور مشوروں کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیٹی نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ متفقہ سفارشات کو شامل کرے اور وہ کابینہ کو پیش کرے۔ کابینہ کی توثیق کے بعد ، پالیسی کو حتمی منظوری کے لئے سی سی آئی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز ، مشیر پیٹرولیم ندیم بابر ، سیکرٹری توانائی پنجاب ، سیکرٹری توانائی خیبر پختونخوا ، سیکرٹری توانائی سندھ ، سیکرٹری توانائی بلوچستان اور مختلف ڈویژنوں کے عہدیدار شریک تھے۔