اسلام آباد ، 04 فروری (اے پی پی): وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کے ساتھ دل و جان کے ساتھ کھڑا ہے۔
قومی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان(اے پی پی ) کے ساتھ اپنے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ فاشسٹ مودی حکومت نے جنیوا کنونشن کو مسترد کردیا ہے اور مقبوضہ وادی میں دن بدن تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری خواتین کو بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کے پوش پورہ اور کپواڑہ اضلاع میں اجتماعی عصمت دری کی واقعات کا سامنا کرنا پڑا ہے، بھارت شدید انسانی حقوق کی پامالی کررہا ہے۔
وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بین الاقوامی فورموں میں مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالی تھی اور امریکہ کو مسئلہ کشمیر کی حساسیت سے آگاہ کیا تھا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی گروہ کو غیر قانونی طور پر نظربند کشمیری رہنماؤں یاسین ملک ، سید علی گیلانی ، آسیا اندرابی اور دیگر افراد کو تہاڑ جیل سے رہائی یقینی بنانے کے لئے یو این سی ایچ آر اور دیگر عالمی فورموں میں لے جانا چاہئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کی خاموشی خطے کی بڑی جنگ کا پیش خیمہ ہوسکتی ہے۔