پاکستان نے ہمیشہ ہر فورم پر اپنے کشمیریوں بھائیوں کے جائز موقف کی  حمایت کی ہے؛گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی کا یومِ کشمیر کے حوالے سے  پیغام

94

کوئٹہ ،4فروری  (اے پی پی):گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے یومِ کشمیر کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے کشمیری بھائی ایک طویل عرصہ سے اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کررہے ہیں، انکی جدوجہد آزادی کو روکنے کیلئے ان پر ہر قسم کے مظالم ڈھائے جارہے ہیں لیکن اسکے باوجود وہ انتہائی صبر واستقامت کے ساتھ اُن مصائب وآلام کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے حقوق اور آزادی کے حصول کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر فورم پر اپنے کشمیریوں بھائیوں کے جائز موقف کی نہ صرف حمایت کی ہے بلکہ انکے ساتھ ہونے والے ظلم وزیادتی کو عالمی سطح پر اُجاگر بھی کر رہا ہے۔

 گورنر بلوچستان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر اس کا مکمل قبضہ اور بھارتی آئین کے ارٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی نہ صرف تمام قوانین اور اقدار کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے بھارت کا اپنا وحشی اور غیرجمہوری چہرہ بھی دنیا کے سامنے بے نقاب ہوا۔انہوں   نے کہا کہ پانچ فروری کو یومِ کشمیر منانے کا مقصد اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرنا ہے اس ضمن میں پاکستان کا شروع سے پُرزور مطالبہ رہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خو دارادیت دیا جائے تاکہ وہ اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرسکیں، لہذا ضروری ہے کہ بین الاقومی برادری کی توجہ کشمیر کے سلسلے کی جانب مبذول کرائی جائے اور عالمی رائے کو انکے حق میں استوار کیا جائے۔

گورنر یاسین زئی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ  تمام کشمیر بھائیوں کو آن کی جدوجہد آزادی میں کامیابی اور سرخروئی عطا فرمائے۔