پاکستان کے کاروبار دوست ماحول میں ویتنام کی  کاروباری برادری کیلئے بے حد مواقع موجود ہیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ویتنام میں پاکستان کی نامزد سفیر ثمینہ مہتاب سے  گفتگو

96

اسلام آباد،19فروری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ویتنام کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دوطرفہ اور کثیرالجہتی باہمی روابط کے تمام شعبوں میں ویتنام کے ساتھ تعلقات کی قدر کرتا ہے۔ وہ ویتنام میں پاکستان کی نامزد سفیر ثمینہ مہتاب سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ویتنام کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، پاکستان دوطرفہ اور کثیرالجہتی باہمی روابط کے تمام شعبوں میں ویتنام کے ساتھ تعلقات کی قدر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کے کاروبار دوست ماحول میں ویتنام کی  کاروباری برادری کیلئے بے حد مواقع موجود ہیں، نامزد سفیر ملکی وقار اور مثبت تاثر اجاگر کرنے کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سیاحت کا شعبہ بے پناہ صلاحیت کا حامل ہے،  گندھارا تہذیب ویتنامی سیاحوں کے لیے پرکشش سیاحتی مقام ہو سکتا ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ اعلی سطح پر دوطرفہ سیاسی اور ثقافتی تبادلوں کی ضرورت ہے، امیدہے کہ نامزد سفیر ویتنام کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کام کریں گی۔