پشاور،01 فروری(اے پی پی): پشاور کے نو تعینات ایس ایس پی اۤپریشنز یاسر آفریدی نے پیر کا یہاں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
چارج سنبھالنے کے بعد جیسے ہی پشاور کے ملک سعد پولیس لائنز پہنچے تو پولیس کے ایک چاق و چوبند دستے نے انکو سلامی دی، جس کے بعد انہوں نے یادگار پولیس شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے بلند درجات کے لئے خصوصی دعا کی۔
اس موقع پر انہوں نے پولیس شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس جوانوں کی قربانیوں کو تاریخ میں ہمیشہ سنہرے حروف سے لکھا جائے گا، پولیس افسران و اہلکاروں نے ماضی میں بھی ملک و قوم کی خاطر اپنا خون بہایا ہے جبکہ آئندہ کے لئے بھی کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بطور ایس ایس پی اۤپریشنز تعیناتی کسی چیلنج سے کم نہیں مگر قانون کی بالادستی اور میرٹ کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے گا، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ان کو انعامات سے نوازا جائے گا جبکہ بد عنوانی میں ملوث کالی بھیڑوں کیلئے محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے اور اس سے تجاوز کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔