پشین : کراچی میں باکسنگ مقابلے کے دوران پنچ لگنے سے جان بحق ہونیوالے باکسر محمد اسلم کو پشین کے مقامی ماشوم باباقبرستان میں سپردخاک کردیاگیا

66

پشین ،01فروری ( اے پی پی ): کراچی میں باکسنگ مقابلے کے دوران پنچ لگنے سے جان بحق ہونیوالے باکسر محمد اسلم کو پشین کے مقامی ماشوم باباقبرستان میں سپردخاک کردیاگیا، نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر قائم لاشاری، کھیلوں سے وابستہ سمیت بڑی تعداد میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

نیشنل باکسر محمد اسلم نے پروفیشنل باکسنگ کا آغاز 2015 سے کیا تھا آپ نے متعد مرتبہ نیشنل اور انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لیا، اس کے علاوہ آپ 6 اور 12 راونڈ فائٹ سمیت امیچور مقابلوں میں بھی حصہ لیتے رہے، پاکستان میں پہلی بار 2015 میں پروفیشنل باکسنگ کا مقابلہ جیت کر بیلٹ اپنے نام کیا، آپ پاکستان نیوی اور واپڈا سے کئی بار کھیل چکے ہےمحمد اسلم 2015 میں امیچور باکسنگ چھوڑ کر پروفیشنل باکسنگ کی طرف آئے تھے۔والد کے انتقال کے بعد محمد اسلم اخراجات خود برداشت کرتے رہے،آپ اپنی 4 بہنوں اور 4 بھائیوں میں سب سے بڑے تھے،آپ نے پسماندگان میں بیوہ سمیت 2 بیٹیاں چھوڑی ہے۔