لاہور، 16 فروری( اے پی پی): ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب ارم بخاری نے دوران سروس وفات پانے والے کنٹریکٹ ملازمین کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں کنٹریکٹ ملازمین جو کہ نیشنل پے سکیل پر کام کر رہے ہیں ان کی دوران سروس وفات کی صورت میں معاوضہ بڑھانے کی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب ارم بخاری نے کہا گریڈ 11 سے 15 تک 22 لاکھ اور گریڈ 16 سے 17 تک کے کنٹریکٹ ملازمین کو 25 لاکھ دیے جائیں گے،اسی طرح گریڈ 18سے 19 کو 34 لاکھ اور گریڈ 20 اور اس کے اوپر والے کنٹریکٹ ملازمین کے لواحقین کو 40لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملازمین کی فلاح اور بھلائی کے کام کرنا تمام افسران کے فرائض میں شامل ہے، کنٹریکٹ ملازمین کی دوران سروس وفات کی صورت میں ان کے لواحقین کو ترجیح بنیادوں پر گرانٹ جاری کی جائے گی۔