سانگھڑ، 16 فروری (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ اور ایس ایس پی عثمان غنی صدیقی نے آج سانگھڑ کے پی ایس 43 پر ضمنی انتخابات کے سلسلے میں جاری پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران الحسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے انتخابات کے سلسلے میں انتظامات پہلے ہی مکمل کرلیے ہیں جبکہ ہر پولنگ اسٹیشن پر تمام بنیادی سہولیات بھی میسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بہتر طریقے سے انتخابی عمل کرا رہا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ بھی ہر ممکن مدد فراہم کررہی ہے اور امید ہے کہ خیرات سے انتخابات کا عمل مکمل ہو گا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران الحسن نے کہا کہ سیکیورٹی کے انتظامات بھی بہتر ہیں ہر پولنگ اسٹیشن پر عملہ چوکس ہے اور رینجرز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس 43 سانگھڑ 3 کی یہ نشست پی پی پی کے ایم پی اے جام مدد علی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی جہاں آج پی ٹی آئی کے مشتاق جونیجو اور پی پی پی کے جام شبیر علی سمیت سات امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔
سانگھر کے پی ایس 43 پر ضمنی انتخابات کے لئے 132 پولنگ اسٹیشن قائم ہیں جن میں 64 مشترکہ ، 34 مرد اور 34 خواتین کے ہیں ، جن میں 34 حساس، 37 انتہائی حساس اور 61 نارمل شامل ہیں۔ تاہم انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن کے 124 پولنگ بوتھ پر خفیہ کیمرے لگائے گئے ہیں۔ پی ایس 43 پر ووٹرز کی کل تعداد ایک لاکھ، 57 ہزار 210ہے ، جن میں 88 ہزار 34 مرد، 69 ہزار ،196 خواتین ووٹر ہیں۔