کوئٹہ10 فروری (اے پی پی): گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے کہا ہے کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے ہمیں اپنے قومی اداروں پر فخر ہے اور یہ بات ہم سب کیلئے باعثِ فخر ومسرت ہے کہ آج ہمارے اداروں میں دیگر ممالک سے آفسران تربیت حاصل کرنے کیلئے آتے ہیں۔ ائیر کموڈور کاشف جمال کی قیادت میں گورنرہاوس کوئٹہ میں پی اے ایف ائیر وار کالج کورس کے زیر تربیت آفیسروں نے گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی سے ملاقات کی۔ملاقات میں پی اے ایف ائیر وار کالج کورس کے شرکاءنے سی پیک، بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل، امن وامان کی صورتحال، فنی و تیکنیکی مہارتیں سکھانے والے مراکز، زراعت اور لائیو سٹاک سے متعلق سوالات کئے جن کا گورنر بلوچستان نے تفصیل سے جوابات دیئے۔ پی اے ایف ائروار کالج کورس کے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل و معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے اور یہاں زیادہ رقبے اور بکھری ہوئی آبادی کی وجہ سے عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانا خاصا مشکل کام ہے۔ افغانستان اور ایران کے ساتھ طویل سرحدیں رکھنے کے باوجود بلوچستان میں سکیورٹی اداروں کی قربانیوں سے امن وامان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں کافی بہتر ہے۔گورنر یاسین زئی نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کیلئے بے پناہ مواقع ہیں اس ضمن میں ملکی اور غیرملکی سرمایہ کار بلوچستان میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ بڑھتی ہوئی عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے زراعت اور مالداری کے شعبے پر بھر پور توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔ آخر میں مہمانان گرامی کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ ہوا۔