چنیوٹ ؛حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ریونیو عوامی خدمت سرورسز کچہری کا انعقاد

74

چنیوٹ، یکم  فروری (اے پی پی ):حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے اے سی آفس لالیاں کے سبزہ زار میں ریونیو عوامی خدمت سرورسز کچہری کا انعقاد کیا،ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر لالیاں اور دیگر ریونیو کے افسران اور عملہ اراضی ریکارڈ سنٹر موجود تھا، ریونیو عوامی خدمت سرورسز کچہری میں انسداد کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور افسران کو اپنے مسائل بتائے۔

ڈپٹی کمشنر و دیگر افسران نے موقع پر مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کیے،درستگی ریکارڈ،فرد کا اجرا،انتقالات کا اجرا،رجسٹری،انکم سرٹیفکیٹ،معائنہ ریکارڈ،ڈومیسائل کا اجراء اور ریونیو سے متعلقہ دیگر معاملات کو وہاں قائم شدہ کاؤنٹرز پر فوری حل کیے گئے۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ عوام کو فوری انصاف و دیگر مسائل حل کی فراہمی اولین ترجیح ہے،لوگوں نے موقع پر مسائل حل کرنے پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ریونیو عوامی خدمت سروسز کچہری کو حکومت پنجاب کا احسن اقدام قرار دیا۔

تحصیل چنیوٹ اورتحصیل  بھوانہ میں بھی ریونیو عوامی خدمت سروسز کچہریوں کا انعقاد کیا گیا جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران عصمت پنوں، اسسٹنٹ کمشنرزغزالہ کنول اور اقراء مصطفی نے لوگوں کے مسائل سنے اور انکے حل کیلئے احکامات جاری کیے۔