چنیوٹ: ڈپٹی کمشنر محمد ریاض کا بھل صفائی کے جائزہ کیلئے ضلع کی مختلف نہروں کا دورہ

115

چنیوٹ ،03 فروری (اے پی پی ): حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے  بھل صفائی کے جائزہ کیلئے ضلع کی مختلف نہروں کا دورہ کیا اور   مختلف مقام پر جا کر انکی صفائی کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ایکسین ایریگیشن فیصل آباد نے ضلع میں جاری بھل صفائی کے کام کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی حکومت پنجاب کی ہدایات پر پنجاب بھر کی طرح ضلع چنیوٹ میں نہروں کی صفائی کی گئی ہے ، نہروں کی بھل صفائی سے بہت سا پانی ضائع ہونے سے بچ جاتا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلع بھر کی تمام نہروں کی بھل صفائی پر تقریباً50لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں اور حکومتی احکامات کی روشنی میں انکی صفائی کا عمل تیزی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے ۔ ان نہروں میں 5فروری کو پانی چھوڑ دیا جائے گا ۔ انہوں نے نہروں کی بھل صفائی کے حوالے سے محکمہ انہار کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر ایکسین ایریگیشن فیصل آباد محمد شبیر حیدر و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔