چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت ادارہ برائے پارلیمانی خدمات  کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس

138

اسلام آباد۔18فروری  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات (پی آئی پی ایس) کو مزید مضبوط اور نتیجہ خیز بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ بین الاقوامی شہرت کا حامل ہو چکا ہے، ادارہ برائے پارلیمانی خدمات نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اراکین پارلیمنٹ اور پارلیمانی شعبے سے وابستہ ماہرین اور افسران کی استعداد کار بڑھانے میں کردار ادا کر رہا ہے جس سے  پارلیمنٹرین کو  معیاری طریقے سے قانون سازی کے فرائض سر انجام دینے، شفافیت اور احتساب کے فروغ کے لئے پالیسی جانچنے میں کردار ادا کرنے کے لئے معیاری خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔ وہ جمعرات کو ادارہ برائے پارلیمانی خدمات (پی آئی پی ایس) کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تعاون سے ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ تاہم انہوں نے ادارے کی کارکردگی کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے ممبران سے تجاویز طلب کر لیں۔اجلاس کے دوران بورڈ نے ادارے کے موجودہ مالی سال کے بجٹ کے نظر ثانی تخمینہ کی منظوری بھی دی۔بورڈ اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، پارلیمانی امور کے وزیر علی محمد خان، سینیٹرز شیری رحمان، محمد جاوید عباسی، مس شاہدہ اختر علی،  رکن قومی اسمبلی امجد علی خان، ایم این اے نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک، ایم این اے سید نوید قمر اور سکریٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر بورڈ آف گورنر پپبس چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کو قانون سازی کو موثر طریقے سے انجام دینے کے لئے تحقیق اور درست اعداد و شمار کی ضرورت ہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی پی ایس محمد انور نے بورڈ کو ادارے کی طرف سے بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور مستقبل کے منصوبہ جاتے بارے تفصیلی آگاہ کیا۔