کوئٹہ، 02 فروری (اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ملک کے روشن مستقل کی ضمانت ہے۔
وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت بلوچستان میں سی پیک کے تحت منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، صوبائی وزراء، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ، سمیت متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، و اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ سی پیک سے متعلق منصوبوں کے روابط کو مربوط بنانے کے لئے تما م ضروری اقدامات کئے جائیں ۔وزیراعلی نے کہا کہ سی پیک سے صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوگئے اور صوبائی حکومت گوادر کی مقامی آبادی کو روزگار کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
اجلاس کو چیئرمین سی پیک اتھارٹی اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات نے بلوچستان میں سی پیک منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ توانائی، روڈ انفراسٹرکچر، ریلوے، انڈسٹریل کو آپریشن اور سو شیو اکنامک سیکٹرز کے 23 منصوبے بنائے گئے ہیں حب میں سی پیک کے تحت 1320 میگاواٹ کا کول فائر پاور پلانٹ منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان منصوبہ مکمل ہو گیا ہے، نئے گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ، ایسٹ بے ایکسپریس وے، گوادر پورٹ اور فری زون کی ڈیویلپمنٹ، پاک چائنہ فرینڈشپ ہسپتال کے فزیکل کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔
چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ ہم سی پیک فیز ٹو میں داخل ہوچکے ہیں، گوادر پورٹ کی مکمل فعالیت سے ترقی و خوشحالی آئے گی،سی پیک میں سینٹرل ایشئن ممالک سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور سی پیک منصوبوں میں مقامی لوگوں کو روزگار کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔