چین کی جانب سے تحفتاً بھیجی جانے والی کرونا ویکسین کی 5 لاکھ ڈوزز پاکستان  پہنچ  گئی

57

اسلام آباد،  یکم  فروری (اے پی پی ): چین کی جانب سے تحفتاً بھیجی جانے والی کرونا ویکسین کی 5 لاکھ ڈوزز پاکستان  پہنچ  گئی ہے ، ویکسین کی پہلی کھیپ وصولی کی تقریب نور خان ائیر بیس پر منعقد ہوئی  جہاں چین کے سفیر نونگ رونگ نے   وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  کو   کرونا ویکسین کی پہلی  کھیپ حوالے  کی ، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان  بھی  وزیر خارجہ کے ہمراہ موجود تھے ۔

کرونا ویکسین حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ چین نے آج ایک دفعہ پھر مثالی دوستی کا ثبوت دیا ہے،ہمارے چین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو 7 دہائیاں مکمل ہونے کو ہیں ہم اسے مثالی انداز میں منائیں گے۔

 وزیر خارجہ  نے کہا کہ میں چین کی قیادت بالخصوص چینی صدر اور وزیر خارجہ وانگ ژی کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ویکسین بنانے کے بعد اسے “عالمی فلاحِ عامہ “کیلئے استعمال کریں گے، مجھے  یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اس مقصد کیلئے انہوں نے سب سے پہلے پاکستان کا انتخاب کیا۔

شاہ  محمود قریشی نے کہاکہ  میں چینی ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ کرونا وبا کے دوران پاکستان تشریف لائے اور ہماری رہنمائی کی ،ہم ایک دوسرے کی معاونت کرتے ہیں ، یہ ہماری لازوال دوستی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے مل کر ایک ویکسین کی تیاری کے حوالے سے کامیاب تجربات کیے ہیں جن کے ابتدائی نتائج انتہائی حوصلہ افزا ہیں یہ ہمارے لیے اور پاکستانی قوم کے لئے ایک خوشی کی خبر ہے ،میں چین کی حکومت اور عوام کا پاکستان کی حکومت  اور عوام کیطرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ  چائینیز سائنوفارمز کی پانچ لاکھ کورونا ویکسین ڈوزز چین کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے تحت تحفتاً بھجوائی گئی ہیں ۔