کراچی،04 فروری(اے پی پی ):یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے آرٹس کونسل کراچی میں گرین آرٹ پروڈکشن کے روح رواں محمد آصف نے شہدائے کشمیر کو سلام کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر بلال غفار تھے، تقریب کی صدارت صدر آرٹس کونسل احمد شاہ کر رہے تھے۔
استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے معروف سماجی شخصیت سید امتیاز الحق بخاری نے کہا کہ جسطرح عمران خان نے کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی ہے۔تقریب کے مہمان خصوصی بلال غفار نے کہا کہ کشمیر کا حق خود ارادیت خود اقوام متحدہ نے تسلیم کیا ہے، عالمی قوتیں وزیر اعظم عمران خان کے بیانیے کو اہمیت دے رہی ہیں ،کشمیر اسوقت سب سے بڑی انسانی جیل بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں کا معاشی قتل عام کر رہا ہے، ان تمام مظالم کے باوجود کشمیری عوام ڈٹ کر کھڑے ہیں، ہماری افواج دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں، مودی کی بربریت کا سورج جلد غروب ہونے والا ہے۔
تقریب میں سابق ڈپٹی اسپیکر راحیلہ ٹوانہ ،معروف مصنف بشیر سدو زئی اور شاہد جتوئی بھی شامل تھے ۔