لاہور۔22فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید یاور عباس بخاری سے یونیسیف کے ڈپٹی ہیڈ پاکستان ڈاکٹر تاج الدین اوﺅلے نے ملاقات کی۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر حسن اقبال، ڈائریکٹر پروگرامز عرفان گوندل، چیف آف فیلڈ یونیسیف پنجاب ولبراڈ نگیمبی، چائلڈ پروٹیکشن آفیسرز زاہدہ منظور اور عائشہ خان نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں چائلڈ پروٹیکشن کے قانون میں اصلاحات میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر تاج الدین اوﺅلے نے پنجاب میں یونیسیف کی جانب سے تعاون بڑھانے کی پیشکش کی۔ لیگل ریفارمز، کورونا کے تناظر میں سوشل سپورٹ، کم عمری کی شادیوں کی روک تھام اور برتھ رجسٹریشن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ حقوق اطفال کا تحفظ مزید موثر بنانے کے لئے موجودہ قوانین میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ زیادہ محکموں کی بجائے ایک ہی معاملے پر ایک محکمے کو کام کرنا چاہیئے تاکہ بہتر نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ سید یاور عباس بخاری نے زور دے کر کہا کہ کم عمری کی شادیاں معاشرے کا اہم مسئلہ ہے جس کا تدارک کرنا ہوگا۔ چائلڈ میرج سے تشویشناک پیچیدگیاں پیدا ہوتی ہیں جو سماجی ابتری کا باعث بنتی ہیں۔ سیکرٹری سوشل ویلفئیر حسن اقبال نے کہا کہ مسودہ بل فائنل کرنے سے پہلے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں گے۔ موجودہ حالات میں برتھ رجسٹریشن پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ تاج الدین اوﺅلے نے محکمہ سوشل ویلفئیر کے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن یقینی بنانے کیلئے یونیسیف تعاون بڑھانے پر تیار ہے۔