کورونا وائرس کے تدارک  کیلئے   گلگت بلتستان میں  ویکسینیشن مہم  کا آغازکر  دیا  گیا

69

گلگت، 03 فروری (اے پی پی): گلگت بلتستان میں   کورونا وائرس کے تدارک کےلئے ویکسینیشن مہم  کا آغاز کردیا گیاہے،گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون کی زیر صدارت گورنر ہاؤس گلگت میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران  کورونا وائرس کے وباء کے دوران صف اول میں عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے محکمہ صحت کے ورکرز کو ویکسین لگا کے ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کیا   گیا ۔

 نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے زیر اہتمام پورے ملک میں ویڈیو لنک کے تحت اس مہم کو شروع کر دیا گیا جس میں گلگت بلتستان سے گورنر گلگت بلتستان اور دیگر اعلیٰ حکام نے  ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔

یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان نے بھی نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اسلام آباد میں ویکسینیشن مہم کے افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔اس دوران محکمہ صحت کے ذمہ داران نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ گلگت بلتستان کو پہلے مرحلے میں 3000 ویکسین دئیے گئے ہیں جو کہ مہم کے دوران صف اول کے ورکرز کو لگائیں جائیں گئیں اور اس مقصد کیلئے پورے گلگت بلتستان میں 22 مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں پہ ویکسین پہنچا دی گئی ہے ، ویکسین لگانے کے کام کا آج سے باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔