کوئٹہ 10 فروری(اے پی پی): گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ صوبے کی مذہبی اقلیتوں بالخصوص عیسائی برادری کی صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں قابل قدر خدمات ہیں اور توقع ہے کہ مسیحی برادری آئندہ بھی ملک و صوبے کی معاشی ترقی اور سیاسی استحکام کیلئے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتی رہیگی۔ گورنر ہاوس کوئٹہ میں صنوبر واشنگٹن کی قیادت میں مسیحی برادری کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ خطے کو امن وآشتی کا گہوارہ بنانے کیلئے بھائی چارے، باہمی احترام، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ناگزیر ہوچکا ہے۔ اس ضمن میں ہم خوش قسمت ہیں کہ پاکستان کا آئین پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور اظہار رائے کا پورا حق دینے کا ضامن ہے اور مذکورہ آئین مذہبی بنیادوں پر کسی کے ساتھ کسی قسم کا امتیاز رکھنے کی اجازت نہیں دیتا۔