ملتان ، 05 فروری (اے پی پی ): یوم کشمیر کے حوالے سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ،تقریب میں خصوصی ملی نغموں کے ذریعے کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے اٹھا کر کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے بھی لگائے اور بھارتی قابض فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود نے اپنے خطاب میں کہا آزادی کی قدر کشمیریوں سے پوچھیں کہ کس طرح وہ اپنے پیاروں کی جانوں کا نذرانہ دے کر آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں،انہوں نے بتایا کہ ان کے خاندان کے لوگوں نے بھی اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور ہر محاذ پر ان کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جبکہ اس کا تحفظ ہر پاکستانی کا فرض ہے۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود، ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر شاہد محمود بخاری سمیت انتظامی افسران، سینئر فیکلٹی، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔