8مارچ سے صوبے میں 60 برس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا جائے گا،ڈاکٹروں،نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کی معترف ہے: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

87

لاہور،25فروری(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔بزدار حکومت کے زچہ و بچہ کو معیاری ہیلتھ کیئر فراہم کرنے کیلئے اہم فیصلےوزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں مزید 5 مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتالوں کے منصوبوں کی منظوری دے دی۔اجلاس میں عثمان بزدار نے کہا کہ 5 ہسپتالوں کی تعمیر کے منصوبوں پر تقریباً 28 ارب روپے لاگت آئے گی۔مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اٹک، لیہ، راجن پور، بہاولنگر اور سیالکوٹ میں بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان ہسپتالوں کے منصوبوں کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔یہ ہسپتال اگلے دو برس میں مکمل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ معیاری علاج معالجے کی سہولتوں تک رسائی زچہ و بچہ کا حق ہے۔

محکمہ صحت اور متعلقہ محکمے مدر اینڈچائلڈ ہسپتالوں کے منصوبو ں سے متعلقہ امو رکو جلد نمٹائیں۔عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ان ہسپتالوں کے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا خود جائزہ لوں گا۔ہسپتالوں کی تعمیر کے حوالے سے وسائل کی فراہمی میں کمی نہیں آنے دیں گے۔وزیر اعلی ہنجاب نے کہا کہ 8 مارچ سے صوبے میں 60 برس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔پنجاب میں 60 برس سے زائد عمر کے تقریباً 75 ہزار افراد کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بزرگ افراد کو ویکسین لگانے کیلئے اضلاع میں خصوصی سینٹرز بنائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خصوصی سینٹرز پر ضروری سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی ہدایت دی۔