اوکاڑہ: یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں سائنسی ماڈلز کی دو روزہ نمائش کا انعقاد

324

 اوکاڑہ،02مارچ (اے پی پی ): یونیورسٹی آف   اوکاڑہ   کے شعبہ سائنس ایجوکیشن کے طلباء نے سائنسی ماڈلز کی دو روزہ نمائش کا انعقاد کیا، جس میں ماحولیاتی تبدیلیوں، پائیدار ترقی اور توانائی کے نئے ذرائع پہ مشتمل ماڈلز پیش کیے گئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکراورشعبہ سائنس ایجوکیشن کی سربراہ ڈاکٹر نسرین اخترسمیت مختلف شعبہ جات کے دیگر اساتذہ نے بھی نمائش کا دورہ کیا اور طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔

 طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی نے ہمیشہ تخلیقی سوچ اور عملی تعلیم کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم طلباء کو انڈسٹری کی ضروریات کے حساب سے نئے نظریات پہ کام کرنے کےلیے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔

 ڈاکٹر نسرین نے بتایا کہ وہ طلباء میں تخلیقی و تنقیدی سوچ پیدا کرنے کےلیے کوشاں ہیں تاکہ وہ دور جدید کے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھال سکیں۔نمائش کے اختتام پہ سب سے بہتر ماڈلز پیش کرنے والے طلباء میں سرٹیفیکیٹ اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔