سفارت خانہ پاکستان برسلز  میں یوم پاکستان (23 مارچ) کی تقریب کا انعقاد

43

 

برسلز ،23 مارچ  ( اے  پی پی  ) ؛یومِ پاکستان کے تناظر میں سفارتخانہ  پاکستان برسلز میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یوروپی یونین ، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے قومی پرچم لہرایا۔

اس موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان نے اپنے اپنے پیغامات میں قوم کو مبارکباد پیش کی اور قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کو ریاستِ مدینہ کی طرز پر  سماجی    فلاحی   ریاست بنانے کے   عزم کا اعادہ کیا۔  انہوں نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJ & K) کے عوام سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ان کے  حق خودارادیت  کی  جدوجہد  میں  ہر ممکن سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ  بھی کیا۔

اپنے پیغام میں ، سفیرِ پاکستان ظہیر  جنجوعہ نے برصغیر کے مسلمانوں کی ایک آزاد وطن کے لئے تاریخی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا ، جہاں وہ پوری مذہبی ، ثقافتی اور معاشرتی آزادیوں کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکتے ہیں۔ انہوں نے شاعر فلسفی ، علامہ محمد اقبال اور قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریات  اور  وژن کی اہمیت پر زور دیا ، جنہوں نے پاکستان کو ایک ترقی پسند ، اعتدال پسند اور جمہوری ملک ہونے کا تصور دیا۔

پاکستان کی ترقی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں  کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے سفیر  ِ پاکستان  نے حکومت کی طرف سے ان کے مسائل حل کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی  کمیونٹی  کی حوصلہ افزائی  کرتے ہوئے  انہیں  پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتے رہنے کی تلقین کی۔

انہوں نے اس بات پر  زور دیا  کہ اس اہم دن پہ ، ہمیں اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے جو غیر قانونی بھارتی  قبضے کے خلاف بہادری  سے جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھارت  کے غیر قانونی قبضے کے خلاف انصاف کی جدوجہد میں مضبوطی سے کھڑا ہے۔

مقامی  حکومت کی CoVID-19 وبائی مرض سے متعلقہ رہنما خطوط کے مطابق ، تقریب کو سفارتخانے کے عہدیداروں  کی حد تک  محدود  رکھا  گیا۔