سکھر:ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع پر افواج پاکستا ن زندہ باد ریلی نکالی گئی

273

سکھر،23مارچ(اے پی پی ):جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 23مارچ یوم پاکستان (تجدید عہد وفا)کے موقع پر بند رروڈ پر افواج پاکستا ن زندہ باد ریلی نکالی گئی اور پاکستان سمیت افواج پاکستان ودیگر سیکورٹی فورسز کے حق میں مظاہرہ کیا گیا ، ریلی کی قیادت جناح ویلفیئر کے چیئرمین اصلاح الدین شیخ کر رہے تھے جبکہ ریلی میں وقار الدین شیخ ، حسنین احمد ، خیر محمد قریشی ، حبیب احمد و دیگر نے شرکت کی ۔

ریلی میں شامل افراد نے پاک فوج اور پاکستان کے حق میں نعرےبازی کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم اور کشمیری جھنڈے اور بھارت مخالف تحریری پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔

 اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اصلاح الدین شیخ و دیگر کا کہنا تھا کہ پاک فوج پاکستان کے سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نظرانے پیش کر رہی ہے۔یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے اور اس دن کو پوری قوم جوش وجذبے سے منا کر دنیا پرثابت کرنا چاہتی ہے کے پاکستانی ایک زندہ قوم ہیں اور وہ اپنے ملک کی طرف کسی کی میلی آنکھ برداشت نہیں کریگی، پاکستان کی بائیس کروڑ عوام افواج پاکستان کیساتھ دشمن ملک سے لڑنے کو تیار کھڑی ہے ۔

انہوں  نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ ملک کی باشعور عوام ملک کی حفاظت ، ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے ساتھ ہیں ملک کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونگے ۔

اصلاح الدین شیخ و دیگر نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے قومی دن جوش اور جذبے سے مناتی ہے اور آج ملک بھر سمیت سکھر میں بھی یوم پاکستان جوش اور جذبے سے منایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن تجدید عہد کریں کے پاکستان کی حفاظت کے لئے پاک فوج کا ساتھ دینگے۔

 ریلی  کے  اختتام  پر شرکاءکی جانب سے بھارتی پرچم اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تصاویر بھی نذر آتش کی گئی۔