لاہور،9مارچ(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر جنگلات محمد سبطین خان نےملاقات کی۔اس ملاقات میں وزیراعلیٰ اور صوبائی وزیر کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، محکمہ جنگلات کی کارکردگی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بردار نے کہا پی ڈی ایم سارا زوراین آر او کیلئے لگارہی ہے، وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے انہیں این آر او نہیں ملے گا،مرکز میں بدترین ناکامی کے بعد پنجاب میں بھی اپوزیشن ناکام رہے گی،پنجاب میں سیاسی تماشا لگانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی ،اپوزیشن کی تحریک کا کوئی مقصد ہے نہ کوئی سمت ،پی ڈی ایم کا ایجنڈا صرف اورصرف ذاتی مفادات کا تحفظ ہے،پاکستانی عوام کویہ ٹولہ گمراہ نہیں کر سکتا ۔انہوں نے کہا عوام ترقی وخوشحالی چاہتے ہیں،افراتفری نہیں،استعفوں کی طرح اپوزیشن لانگ مارچ سے بھی راہ فرار اختیار کر لے گی،حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔صوبائی وزیر جنگلات محمد سبطین خان نے کہا وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں شرافت، دیانت اور امانت کی سیاست کو فروغ دیا ہے،وزیر اعلی عثمان بزدار منتخب نمائندو ں کے مسائل کے حل کے لئے ہمہ وقت کوشاں رہتے ہیں ،وزیر اعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے کرپٹ سیاستدانوں کی دال نہیں گلے گی،ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مرچکا ہے۔