امریکی ڈیموکریٹ رہنما طاہرجاوید کی وزارتِ خارجہ میںوزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سےملاقات

26

اسلام آباد، 25 مارچ(اے پی پی): امریکی ڈیموکریٹ رہنما طاہرجاویدکی وزارتِ خارجہ میںوزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ہوئی، پاکستان اور امریکہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،معاشی سفارت کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر دوران ملاقات تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ ء امتیاز ملنے پر طاہر جاوید کو مبارکباد دی اور پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کیلئے ان کی کاوشوں کو سراہااور  کہا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کی کاوشوں میں پاکستان اور امریکہ اتحادی ہیں ، ہماری حکومت نے اپنی خصوصی توجہ جغرافیائی معاشی ترجیحات پر مرکوز کر رکھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان، بیرونی سرمایہ کاروں کو ای ویزہ سمیت اہم کاروباری سہولیات مہیا کر رہا ہے ،  امریکی کمپنیاں ان مراعات سے فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان کے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ  جوبائڈن انتظامیہ میں اہم عہدوں پر فائز بہت سی شخصیات پاکستان اور خطے کے امور سے آگاہی رکھتی ہیں ، توقع ہے کہ موجودہ امریکی حکومت ، مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریگی ۔

امریکی ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید نے کہا کہ موجودہ امریکی حکومت کو کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سخت تشویش ہے۔

طاہر جاوید نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے،انہیں، پاکستان اور امریکہ کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا۔ملاقات میں امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے بھی خصوصی گفتگو کی گئی۔