انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کا ضلع خیبر جمرود کا دورہ

62

پشاور،15 مارچ (اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی آج گودر کلے ضلع خیبر جمرود میں واقع شہید ایڈیشنل ایس ایچ او نیاز محمد آفریدی کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے شہید کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہید کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

 ایڈیشنل ایس ایچ او نیاز محمد آفریدی گذشتہ روز منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کے دوران منشیات فروشوں کی فائرنگ سے شہید، جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

آئی جی پی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو کروٹ کروٹ جنت الفردوس نصیب فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ جانکاہ صبر و تحمل سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ شہید نیاز محمد آفریدی کی شہادت سے پولیس فورس ایک دلیر اور پیشہ ور پولیس افسر سے محرم ہوگئی ہے جنہوں نے منشیات فروشوں کے خلاف جرات و شجاعت کی داستان رقم کرتے ہوئے اپنی قیمتی جان کی عظیم قربانی دی۔

آئی جی پی نے کہا کہ شہید نیاز محمد آفریدی کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، اور علاقے سے منشیات فروشی کے گھناﺅنے دھندے اور لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے خلاف فیصلہ کن کاروائی ہر قیمت پر جاری رہے گی۔ آئی جی پی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہید نیاز محمد کے قاتلوں کو بہت جلد گرفتار کرکے قرار واقع سزا دلوائی جائیگی۔