تاجر اور ملک کی معیشت آپس میں جڑے ہوئے ہیں، ڈپٹی کمشنر قمرالزمان قیصرانی

44

ملتان، 15 مارچ(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر قمرالزمان قیصرانی کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد اور تجاوزات کے خاتمہ کے لئے حسین آگاہی پہنچ گئے حسین آگاہی میں بازار کا دورہ کیا اور دکانداروں کو کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

انہوں نے تاجر رہنما جعفر شاہ اور سلیم بھٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان کو کورونا وائرس کی تیسری لہر کا سامنا ہے اور کہا ہم سب نے مل کر احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اس کے پھیلاو کو روکنا ہے،  تاجر اور ملک کی معیشت آپس میں جڑے ہوئے ہیں ،  کورونا کی نئی لہر سے ہمارے لئے معاشی مسائل پیدا ہونگے اور کہا یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ دولت اور پیسہ زندگی کا نعم البدل نہیں ہو سکتا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا ہمیں ایک مہذہب قوم اور ذمہ دار شہری کے ناطے اپنا کردار ادا کرنا ہو گاتجاوزات کا خاتمہ میری اولین ترجیح ہے ،  پارلیمنٹیرین سے عام شہری تک ہر فرد تجاوزات سے تنگ ہے ،  تجاوزات کی وجہ سے خواتین شاپنگ کے لئے مارکیٹوں کا رخ نہیں کرتیں اور تاجروں کا کاروبا متاثر ہوتا ہے، آئندہ دن کے اوقات میں حسین آگاہی مین بازار  میں رکشہ اور ریڑھی کے داخلے پر پابندی ہو گی ،  دکاندار اپنی دکان کی حد سے باہر سڑک پر سامان نہیں سجائیں گے تجاوزات کی زد میں آنیوالا سامان ضبط کر لیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا ٹریفک پولیس حسین آگاہی میں ٹریفک کے بہاو ٔکو برقرار رکھنے کے لئے موثر لائحہ عمل تیار کرے۔