جلالپورپیروالا،04 مارچ (اے پی پی ): تھانہ صدر پولیس نے ایس ایچ او ارشد بھٹی کی کمان میں کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ بابری گینگ کے دو اہم کارندے بھاری اسلحہ سمیت گرفتار کر لیے ۔
ڈی ایس پی سرکل محمد ارشاد جوئیہ نے ایس ایچ او تھانہ صدر ارشد محمود بھٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چند دن قبل پولیس مقابلے کے دوران ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک خطرناک ڈکیت بابر عرف بابری جو بابری گینگ کا سرغنہ تھا کے دو کارندے اور مفرور ساتھیوں محمد عمران اور ساجد کو گرفتار کرلیا ہے جن کے قبضہ سے خطرناک اسلحہ سمیت 5 موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئے ہیں، ملزمان کئی سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔
اس کے علاوہ صدر پولیس نے کچھ دن قبل سرگودھا سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد محمد اسد کو بھی گرفتار کیا ہے جو کئی قتلوں اورپولیس مقابلوں کا اشتہاری تھا اور پورے پنجاب کی پولیس کو مطلوب تھا۔
ڈی ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ جلالپورپیروالا پولیس پوری طرح مستعد ہے انشااللہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہوگی اور ہماری ٹیموں نے جرائم پیشہ افراد کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے۔
دوسری طرف شہریوں نے پولیس کی کارکردگی کوسراہا اور امن کے قیام کےلیے ایس ایچ او صدر کو مبارکباد پیش کی ہے ۔