حلیم عادل شیخ کی گرفتا ری سے پیپلز پارٹی کا بغض واضح ہوگیا ہے؛ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان 

131

کراچی،21مارچ  (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اورپاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاری پر سندھ حکومت آشکار ہوگئی ہے، سند ھ میں فرد واحد کی حکمرانی اور آمرانہ حکومت ہے، جمہوریت کے دعویداروں نے سندھ میں اپوزیشن کو دیوار سے لگایا ہوا ہے، سندھ کو تیرہ سا ل سے ماموں بنانے والے آصف علی زرداری نے پی ڈی ایم کو بھی ماموں بنا دیا ہے،بلاول نے جو ایٹم بم حکومت پر چلانا تھا وہ مولانا فضل الرحمن پر چلا دیا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی رہائش گاہ پر اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ کی صاحبزادی عائشہ حلیم اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماء اور اراکین بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اورپاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاری پر سندھ حکومت آشکار ہوگئی ہے،پیپلز پارٹی کی جانب سے ان کے خلاف بنائے جانے والے جھوٹے مقدمات قابل مذمت ہیں، حلیم عادل شیخ کی گرفتا ری سے پیپلز پارٹی کا بغض واضح ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاونت سے حلیم عاد ل شیخ کے کردار کو خراج تحسین پیش کرنے آئی ہوں،جو حق کے لئے کھڑے ہوتے ہیں ان پر مشکلات آتی ہیں، مقدمات عوام کے لئے کھڑے ہونے والوں کو مزید مضبو ط بناتے ہیں،حلیم عادل شیخ کا مورال بلند ہے،حلیم عادل شیخ جس بہادری سے سندھ میں اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کر رہے ہیں قابل تعریف ہے،حلیم عادل شیخ بہادری کے ساتھ عمران خان کا بیانیہ لیکر چل رہے ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حلیم عادل شیخ سندھ کے پسے ہوئے طبقے کی آواز بنے ہیں اور بڑی بہادری سے مشکلات کا مقابلہ کررہے ہیں، ہمارا کارکن مشکلات میں عمران خان کے نظریے سے مزید جڑ جاتا ہے، ایسے مقدمات بنا کر پیپلز پارٹی والے اپنی کرپشن نہیں بچا سکتے۔  انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اقتدار کے حصول کے لیے جمہوریت کا چہرہ پیش کیا،پیپلزپارٹی نے جمہوریت کی اداکاری کی،پیپلز پارٹی کی جمہوریت کا ڈرامہ حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر بے نقاب ہو چکا ہے،ہمارے کسی لیڈر کے پاپڑی والے چھابڑی والے کے اکائونٹ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو تیرا سال سے ماموں بنانے والوں نے مولانا اور پی ڈی ایم کو ماموں بنا دیا،ماموں ماموں کی سیاست اب آخری ہچکیاں لے رہی ہے۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سندھ کے نادان ساتھیوں کو کہنا چاہتی ہوں کہ حلیم عادل شیخ پر من گھڑت مقدمات قائم کر کے حلیم عادل شیخ کو آکسیجن دے رہے ہو،قانون کو گھر کی لونڈی بنا رکھا ہے،پی ٹی آئی کا کارکن یکجا ہے، سندھ میں انتقام پسندی کی سیاست ہے۔

گندم کے حوالے گفتگو رکرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سندھ کے علاوہ اور کسی صوبے سے چوہوں کے 40ارب کی گندم کھانے کی مثال نہیں ملتی،سندھ حکومت صوبے کے حالات پر کسی کو جوابدہ نہیں ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کا مقصد کرپشن اور لوٹ کھسوٹ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زرداری نے عید سے پہلے پی ڈی ایم کی قربانی کردی، پی ڈی ایم پہلے اپنے زندہ ہونے کا اعلان کریں،بعد میں حکومت کو للکاریں، پی ڈی ایم ہمارے ساتھ نہیں تو ہمیں پرواہ نہیں، اب انہیں حکومت کا درد نہیں اپنا درد ستا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری کو اس کی رائے کے لئے حق دیتا ہے، یہ جمہوریت ہے کہ کارکن اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہیں، یہ کسی اور پارٹی میں نہیں ہے، کسی اور پارٹی کے کارکنوں میں یہ جرائت نہیں کہ وہ اپنے لیڈران سے اختلاف کر سکے، یہ عمران خان نے کارکنوں کو حق و حوصلے دیا ہے، یہ پارٹی میں اختلاف نہیں۔ پنجاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی حکومت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عثمان بزدار پنجابی اسٹائل میں تیار کھڑے ہیں، عثمان بزدار پنجاب میں بہت مضبوط ہیں، عثمان بزدار کو ہٹانے کا راستہ اسمبلی سے گزرتا ہے، اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، اسمبلی کے راستے سے اگر بزدار کو ہٹا سکتے ہیں تو شوق پورا کرکے دیکھیں۔

 پریس کانفرنس میں موجود پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیرزمان نے کہا کہ وزیر اعظم کے احکامات پر فردوس عاشق اعوان کراچی آئی ہیں، سیاسی جماعت کے اپوزیشن لیڈر پر جھوٹے مقدمات ہیں، پولیس کی کارکردگی افسوس ناک ہے، یہ دہشت گردی ہے ، حلیم عادل شیخ نے ہمیشہ کرپشن پر بات کی ہے، کرپشن پر بات کرنا دہشتگردی ہے تو ہم دہشتگرد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ،کے پی کے کی طرح سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت آئے گی۔ اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے صاحبزادی عائشہ حلیم نے کہا کہ میرے والد پر کرپشن کا کوئی کیس نہیں، سندھ حکومت کو میرے والد سے ڈر ہے، ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، ہم کرپشن کو بے نقاب کرتے رہیں گے، ہماری پارٹی ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔

قبل ازیں وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی آئی کے اسیر مرکزی رہنما و اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی جناح اسپتال میں عیادت کی۔ بعدازاںوہ حلیم عادل شیخ کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات کی۔