ریسکیو1122 نے پشاور میں صحافی برادری کی سہولت و تحفظ کیلئے پریس کلب و دیگر اداروں میں جراثیم کش سپرے کرنے کیلئے حکمت عملی ترتیب دے دی

37

پشاور، 31مارچ(اے پی پی): ریسکیو 1122 کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا ہے کہ دیگر اداروں کی طرح صحافی برادری بھی کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر خدمات فراہم کررہی ہے اسلئے ریسکیو1122 کی جانب سے پشاور پریس کلب میں جراثیم کش سپرے سے آغاز کردیا گیا ہے اور مرحلہ وار تمام پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا دفاتر میں بھی جراثیم کش سپرے کیا جارہاہے۔

ریسکیو 1122 کے صوبائی ہیڈکوارٹر میں پشاور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عمران بخاری نے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد سے ملاقات کی اور پشاور پریس کلب اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا دفاتر میں جراثیم کش سپرے پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ صحافی برادری کی کاوشوں سے کورونا وائرس سے بچاو، تدارک اور آگاہی مہم کامیابی ہوئیں، اسلئے صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

عمران بخاری جنرل سیکرٹری پشاور پریس کلب نے بھی کہا کہ صحافی برادری ریسکیو1122 کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، ریسکیو 1122 فلاحی ادارہ ہے اور عوام الناس کو بہترین خدمات فراہم کررہا ہے۔