سکھر،04 مارچ ( اے پی پی ): سکھر اور گرد و نواح میں زہریلے مچھروں میں خوفناک اضافہ ہوگیا ہے، کئی سال سے مچھرکش سپرے نہ کرنے کی وجہ سے سینکڑوں لوگ ملیریا اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں، مچھروں کے زہریلے ڈنگ سے بچنے کے لئے لوگوں نے مچھر جالیوں کا استعمال شروع کردیا ہے۔
موسم گرما شروع ہوتے ہی سکھر شہر اور گرد و نواح میں زہریلے مچھروں میں خوفناک اضافہ ہوگیا ہے،میونسپل کی جانب سے کئی سال سے مچھ مار سپرے نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے سینکڑوں لوگ ملیریا ، ڈینگی اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں،سول ہسپتال سکھر میں داخل 70 فیصد مریض ملیریا ، بخار اور ڈینگی کی شکایت میں مبتلا ہیں۔
شہریوں نے زہریلے مچھروں سے بچنے کے لئے مچھر جالیوں کا استعمال شروع کردیا ہے،مچھر جالیوں کا استعمال بڑھنے سے شہر میں ان کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں فٹ پاتھوں پر بڑی تعداد میں رنگ برنگی مچھر جالیاں رکھی ہوئی ہیں۔
ان جالیوں کا کاروبار اکثر و بیشتر غیرمقامی لوگ کر رہے ہیں، وہ منہ مانگی قیمت وصول کر رہے ہیں۔ شہریوں نے میونسپل انتظامیہ سے شہر میں مچھرکش سپرے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔